جے پور،22؍دسمبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) راجستھان میں صحافیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ یہ فیصلہ گزشتہ وز وزیر اعلی اشوک گہلوت کی صدارت میں وزیر اعلی کی رہائش گاہ پر منعقدہ اطلاعات اور رابطہ عامہ کے محکمہ کی ایک جائزہ میٹنگ میں کیا گیا۔
یہ کمیٹی منظور شدہ صحافیوں کے ساتھ غیر منظور شدہ صحافیوں کے مسائل پر غور کرے گی اور اس حوالے سے حل پیش کرے گی۔ یہ کمیٹی ریاستی حکومت کی طرف سے چلائی جانے والی مختلف فلاحی اسکیموں اور پروگراموں کو عام لوگوں تک آسانی سے پہنچانے کے بارے میں تجاویز بھی دے گی۔
بے ترتیب ہورڈنگز کی وجہ سے شہروں کی بگڑتی خوبصورتی کو اجاگر کرتے ہوئے، اشوک گہلوت نے عہدیداروں کو آؤٹ ڈور میڈیا پالیسی بنانے کی ہدایت دی۔ اس پالیسی کے ذریعے شہروں میں ہورڈنگز کے سائز اور مقام کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ مجاز منظوری کی بنیاد پر ہورڈنگز لگائے جائیں گے۔ اس میں شہروں کی خوبصورتی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔
میٹنگ میں وزیراعلی نے محکمہ اطلاعات و رابطہ عامہ کی مضبوطی کے سلسلے میں تفصیلی حکمت عملی بناکر پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا پالیسی، سوشل میڈیا پالیسی جلد بنانے کی ہدایت بھی دی۔